ٹیریان کیس: عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج
06-15-2024
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ٹیریان کیس سپریم کورٹ پہنچ گیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل شہری محمد ساجد نے اپنے وکیل رفعت حسین کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر کی، عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی گئی۔ سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں بانی پی ٹی آئی، الیکشن کمیشن، سرکار کو فریق بنایا گیا ہے، اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 21 مئی 2024ء کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا بانی پی ٹی آئی نے اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کو دستاویزات میں ظاہر نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا، والدیت کیلیفورنیا کی عدالت نے ثابت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو دلائل مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے اس سے قبل کیس کو سنا، فیصلہ محفوظ کیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے اپنا فیصلہ نہیں سنایا، دو ججز نے اپنا فیصلہ ویب سائٹ پر اپلوڈ کروایا، دو ججز کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں، تین رکنی بینچ دو ایک سے فیصلہ کر سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے، بانی پی ٹی آئی کیخلاف نااہلی کی درخواست منظور کی جائے۔