اردو کے عظیم شاعر ابن انشاء کا 97 واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے
06-15-2024
(لاہور نیوز) اردو زبان کے عظیم شاعر اور مزاح نگار ابن انشاء کا 97 واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔
بھارتی شہر جالندھر کے ایک گاؤں میں 15 جون 1927ء کو پیدا ہونے والے ابن انشاء کا اصل نام شیر محمد تھا، ریڈیو پاکستان سمیت کئی سرکاری اداروں سے وابستہ رہنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کچھ عرصہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور اس دوران کئی یورپی و ایشیائی ممالک کے دورے کئے۔ ابن انشاء نے متعدد سفر نامے بھی تحریر کئے جو کہ بے پناہ مقبول ہوئے جن میں، چلتے ہو تو چین کو چلیے، ابن بطوطہ کے تعاقب میں، آوارہ گرد کی ڈائری اور دنیا گول ہے قابل ذکر ہیں۔عظیم شاعر ابن انشاء کی کتب خمار گندم اور اردو کی آخری کتاب ان کے کالموں پر مشتمل ہے جو کہ بے پناہ مقبول ہوئیں، وہ غزل گو شاعر بھی تھے ان کی مقبول عام غزل ’انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو‘ آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔ ان کے سفر ناموں میں طنز و مزاح کی رنگین کرنیں ان کے اسلوب کو وہ تازگی اور شگفتگی عطا کرتی ہیں کہ جس کے باعث وہ اس میدان میں بے مثال ہیں۔اردو ادب کے عظیم شاعر 11 جنوری 1978ء کو علالت کے باعث 50 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے اور انہیں کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں سپردخاک کیا گیا ہے۔