سنیتا مارشل کی حج اور عمرے کے دوران موبائل استعمال کرنیوالوں پر کڑی تنقید

06-15-2024

(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ و فیشن ماڈل سنیتا مارشل نے حج اور عمرے کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف فنکار جوڑے، حسن احمد اور سنیتا مارشل نے ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی۔ جس دوران اداکار حسن احمد نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمیں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی تمیز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا بہت محتاط انداز میں استعمال کرتا ہوں، کسی کی وفات ہو جائے تو اس کے ساتھ فوراً تصویر شیئر کرنے سے گریز کرتا ہوں کہ کہیں کسی کے جذبات نہ مجروح ہو جائیں۔ حسن احمد کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے عوام کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی بالکل بھی تمیز نہیں، عوام کچھ بھی اپ لوڈ کرکے سوچتی ہے تو کیا ہوا۔ اس پر سنیتا مارشل نے حسن احمد کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اس بات پر بہت افسوس ہوتا ہے کہ جب لوگ حج اور عمرہ کرنے جاتے ہیں تو بار بار اپنی ویڈیوزاورتصویریں اپلوڈ کرتے رہتے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ چلو ایک تصویر دو تصویر آپ دعا مانگتے ہوئے لگا دیں مگر لوگ بہت زیادہ اور ہر ایک چیز کی تصویریں اور ویڈیوز بناتے ہیں اور اپ لوڈ کرتے ہیں۔