افتخار ٹھاکر نے قوی خان کی زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

06-15-2024

(ویب ڈیسک) معروف کامیڈین اداکار افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ مرحوم اداکار قوی خان ضرورت مند گھرانوں کی بچیوں کے رشتے ڈھونڈ کر شادیاں کرواتے تھے۔

افتخار ٹھاکر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مرحوم اداکار قوی خان کے سماجی کاموں کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کا کبھی ملتان جانا ہو تو وہاں پر قوی خان فاؤنڈیشن موجود ہے جو نوجوان لڑکیوں کی شادیاں کروانے میں مدد کرتی ہے۔ افتخار ٹھاکر کا کہنا تھا کہ یہ فاؤنڈیشن لڑکیوں کی شادیوں کی مکمل ذمہ داری نبھاتی ہے یعنی پہلے لڑکیوں کے لیے اچھے رشتے ڈھونڈے جاتے ہیں اور پھر ان کے لیے مکمل جہیز تیار کروایا جاتا ہے یہی نہیں بلکہ فاؤنڈیشن شادی کے بعد بھی بچیوں سے رابطے میں رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوی خان صاحب انتقال کرگئے ہیں لیکن ان کے جانے کے بعد اس فاؤنڈیشن کے پاس اب بھی اتنے فنڈز موجود ہیں کہ یہ کئی سالوں تک اپنا کام جاری رکھ سکتی ہے۔