’’ بابر کو دنیا نے کنگ بنایا،آپ نہیں مانیں‘‘ امام الحق کا احمد شہزاد کو جواب

06-15-2024

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق ایک مرتبہ پھر کپتان بابراعظم کے دفاع میں سامنے آگئے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سابق  اوپنر احمد شہزاد نے گزشتہ روز بابراعظم کو جعلی کنگ قرار دیتے ہوئے انکے اعداد و شمار پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر امام الحق نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کیلئے کھیلا ہے اور سب ٹیم کی بھارت کے خلاف کارکردگی سے مطمئن نہیں تاہم احترام کے عنصر کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا کپتان ہے، آپ نہیں ماننا چاہتے، ٹھیک ہے! دنیا نے اُسے کنگ بنایا ہے آپ نہیں مانیں!، بابراعظم پر تنقید کو امام الحق نے باڈی شیمنگ سے بھی تشبیہ دی۔ امام الحق نے مزید کہا کہ بابر کو ٹیم کیلئے ان کی خدمات اور اس حقیقت کا احترام کیا جانا چاہیے وہ 250 سے زیادہ میچز کھیل چکے ہیں، ان اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیں۔ قبل ازیں احمد شہزاد نے بابراعظم کو جعلی کنگ قرار دیتے ہوئے ٹیم میں دوستوں کو کھلانے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ متعدد پی سی بی چیئرمینز کی جانب سے انکا احتساب نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاور پلے میں بابراعظم نے 205 گیندوں کا سامنا کیا لیکن ایک چھکا تک لگانے میں کامیاب نہ ہوئے۔