شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں درج مقدمات کا چالان جمع کرانے کا حکم
06-15-2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں درج مقدمات کا چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج خالد ارشد نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں درج مقدمات کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا تفتیشی افسر نے شاہ محمود قریشی کا 30 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگا، تفتیشی افسر نے شاہ محمود قریشی سے متعلق کوئی پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی، عدالت سابق وزیر خارجہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتی ہے۔ فیصلے میں لکھا گیا کہ تفتیشی افسر نے کہا سابق وزیر خارجہ کا موبائل فون ریکور کرنا ہے، شاہ محمود کے وکیل کے مطابق گرفتاری کے وقت موبائل فون پولیس نے پکڑ لیا تھا۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما پر لاہور میں درج مقدمات کا چالان جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے۔