آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے احسن اقدام

06-15-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین، انکے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے احسن اقدام، عید الاضحیٰ کے موقع پر پولیس ملازمین کے مختلف عارضوں میں مبتلا بچوں اور فیملیز کو 7 کروڑ روپے کے وظائف قبل از وقت ادا کر دیے۔

ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے بتایا کہ دماغی فالج (سیریبل پالسی) سے متاثرہ 545 بچوں کو 1 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کے وظائف جاری کیے گئے ہیں۔  تھیلیسمیا کا شکار 148 بچوں کو 66 لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی، "ہمارے پھول پراجیکٹ" کے تحت ان بیماریوں سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ 15 ہزار روپے ماہانہ دیے جا رہے ہیں، دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کی 1195 فیملیز کو مینٹیننس الاؤنس کی بھی قبل از وقت ادائیگی کی گئی ہے، مینٹیننس الاؤنس کی مد میں 4 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد رقم فیملیز کو ادا کی گئی۔  ڈی آئی جی ویلفیئر کا کہنا ہے کہ مینٹیننس الاؤنس اور علاج معالجے کے اخراجات کی قبل از وقت ادائیگی پر ملازمین نے آئی جی پنجاب سےاظہار تشکر کیا ہے، پولیس فورس ایک فیملی ہے، ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ  رقوم کی قبل از وقت ادائیگی کا مقصد پولیس ملازمین کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔