ملک بھر میں کتنے لاکھ جانور قربان ہونگے؟ تعداد سامنے آگئی

06-15-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) نے عیدالاضحیٰ پرقربان ہونے والے جانوروں کی تعداد کا تخمینہ لگایا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں 68 لاکھ 8 ہزارجانوروں کی قربانی کا اندازہ ہے، 33 لاکھ بکرے، ساڑھے 28 لاکھ گائے ذبح ہونے کا تخمینہ ہے۔ پی ٹی اے نے بتایاکہ ایک لاکھ 65 ہزار بھینسیں، 99 ہزار اونٹ ذبح ہونے کا اندازہ ہے جبکہ ملک میں3 لاکھ 85 ہزاربھیڑقربان ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پاکستان ٹینرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گائے کی کھال 1500 اور بکرے کی کھال 425 روپے رہنے کا تخمینہ ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق گائے کی کھالیں 4 ارب 29 کروڑ روپے اور بکرے کی کھالیں ایک ارب 40 کروڑ 25 لاکھ روپے تک رہیں گی۔ سابق صدر پی ٹی اے دانش خان کا کہنا ہے کہ جانور مہنگا ہے، حصہ ڈال کر قربانی کرنا اس سال زیادہ رہے گا، پی ٹی اے کے اندازوں میں10،15 فیصد کمی بیشی کی گنجائش ہے، قربانی کے جانوروں کی کھالیں 6 ارب روپے کی ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ کیمیکل پروسیسنگ کے بعد کھالوں کی مالیت 18 ارب روپے ہوگی، چمڑا ویلیوایڈہوکر جیکٹ، جوتا یا کچھ اور بناکربیچیں تو مالیت 35 ارب روپے تک پہنچے گی۔