کیا پاکستان کو اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا؟
06-15-2024
(ویب ڈیسک) آئرلینڈ اور امریکا کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سپر 8 مرحلے میں نہ جا سکی اور آفیشل طور پر ورلڈکپ سے باہر ہوگئی ہے۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ گرین شرٹس رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے میں کوالیفائی نہیں کرسکے تو انہیں اگلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔ اس بات میں کتنی سچائی ہے؟ آئی سی سی کا اگلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سری لنکا اور بھارت میں ہونا ہے جس میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں ہی شریک ہوگی۔ یہ بات سچ ہے کہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 2024 کے ایونٹ کی سپر 8 مرحلے میں پہنچنے والی ٹیمیں بھی براہ راست کوالیفائی کریں گی لیکن یہ درست نہیں کہ پاکستان رواں ورلڈکپ میں سپر 8 میں نہیں پہنچا تو اب اسے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔ حقیقت کیاہے؟ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں( 8 گزشتہ ایونٹ کی ٹاپ آٹھ+2 میزبان ملک+ 2 سے 4 ٹیمیں بہتر آئی سی سی کی رینکنگ کی بنیاد پر) براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ بھارت رواں ورلڈکپ میں سپر 8 میں پہنچ چکا ہے اور میزبان ملک ہونے کی وجہ سے وہ 2026 کے ورلڈکپ میں براہ راست شامل ہوگا جبکہ سری لنکا رواں ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے لیکن میزبان ملک ہونے کی وجہ سے وہ بھی اگلے ایونٹ میں براہ راست کوالیفائی کرگیا۔ اس طرح 2024 کی ٹاپ 8 ٹیمیں، سری لنکا اور 3 ٹیمیں (جو 30 جون 2024 تک بہتر رینکنگ پر ہوں گی) مجموعی طور پر 12 ٹیمیں بنتی ہیں وہ 2026 کے ایونٹ میں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان ٹیم رواں ورلڈکپ میں سپر 8 میں نہیں پہنچی تو کوئی بات نہیں، بہتر رینکنگ کی بنیاد پر وہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرے گی۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ یوں 12 ٹیمیں براہ راست 2026 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلیں گی جبکہ 8 ٹیمیں ریجنل کوالیفائنگ راؤنڈ سے آئیں گی۔