فہد مصطفٰی نے 10 سال بعد ایک با ر پھر ڈراموں کی دنیامیں قدم رکھ دیا

06-14-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کررہے ہیں۔

رپورٹ کےمطابق فہد مصطفیٰ نے آخری بار سال 2015 میں ڈرامہ سیریل ’دوسری بیوی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، اس ڈرامے کے بعد اداکار نے ڈرامہ انڈسٹری وقفہ لے لیا تھا۔ڈراموں میں اداکاری سے وقفہ لینے کے بعد فہد مصطفیٰ گیم شو کی میزبانی اور فلم پروڈکشن کے شعبے میں مصروف ہوگئے تھے۔ اب تقریباَ10 برس کے بعد فہد مصطفیٰ کے مداح دوبارہ اُنہیں ڈراموں میں دیکھیں گے، وہ معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ٹی وی اسکرین پر واپسی کررہے ہیں۔فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے ڈرامے کا نام ‘کبھی میں کبھی تم’ ہے جوکہ نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا جبکہ ڈرامے کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ نے سال 2003 میں ڈرامہ سیریل ’امراؤ جان ادا‘ سے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا تھا، اُنہوں نے تقریباََ 27 ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔فہد مصطفیٰ نے سال 2014 میں فلم ‘نامعلوم افراد’ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے کئی ڈرامے بھی پروڈیوس کیے۔