محکمہ موسمیات کی عیدقربان کے دوسرے روز سے بارشوں کی پیش گوئی

06-14-2024

(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے عید قربان کے دوسرے روز سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحریہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، 18 جون سے ملک کے مغربی علاقوں میں نم ہوائیں داخل ہونے کے باعث گلگت، کے پی کے، پنجاب ،اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 18 سے 22 جون کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں ، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے، 16 سے 18 جون کے دوران کے پی کے میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 18 جون سے 22 جون کے دوران چترال، ایبٹ آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، 16 سے 18 جون کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ موسم کا احوال بتانے والوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 18 سے 22 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آندھی چلنے ، گرج چمک کے علاوہ بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، 20 سے 22 جون کے دوران بہاولپور، ملتان اور خانیوال میں آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روز مرہ کے معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ، 19 سے 22 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئ۔