حکومت ریٹیلرز، ہول سیلرز سے گھبرا گئی، سیلز ٹیکس سے مہنگائی بڑھے گی: ماہرین

06-14-2024

(لاہور نیوز) ماہرین معاشیات نے کہا کہ سیلز ٹیکس بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، حکومت ریٹیلرز، ہول سیلرز سے پھر گھبرا گئی ہے۔

خاقان نجیب نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے پس منظر کو آئی ایم ایف سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور نے کہا کہ مشکل بجٹ ہے، ٹیکسز کو بڑھا دیا گیا ہے، بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہو جائے گی، سٹیل، سیمنٹ، رئیل اسٹیٹ پر ٹیکس لگا دیا گیا، ٹیکس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکس سسٹم ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے لوگ ٹیکس نیٹ میں نہیں آتے۔ افنان اللہ نے کہا کہ کسی بھی سینیٹر، ایم این اے کو بجلی میں کوئی مراعات نہیں ملتی، 17 سے 18 گریڈ والے افسر ہم سے زیادہ کماتے ہیں، ایم این اے، سینیٹرز کی مراعات کے حوالے سےغلط افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، پیپلزپارٹی کے کچھ تحفظات ہیں جنہیں دورکریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، مانتا ہوں یہ آئی ایم ایف والا بجٹ ہے۔ رہنما تحریک انصاف اظہرصدیق ملک نے کہا کہ بجلی کا فی یونٹ کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے، انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) والے1985 سے حکومت کر رہے ہیں، 350 ارب کی میٹرولائن بنائی گئی مگر آج عوام بھوک سے رو رہے ہیں۔