وزیراعظم کا روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلہ

06-13-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ٹاسک مینجمنٹ سسٹم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور محکموں کو جاری کردہ ہدایات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام منصوبوں کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا پہلا قدم ہے، وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز اور محکموں کے سربراہان کو ٹاسک مینجمنٹ سسٹم خود استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کی موبائل ایپلی کیشن بنائی جا چکی ہے، ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بین الاقوامی معیار کا ایک منفرد اور جدید سافٹ ویئر ہے، ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے وفاقی وزارتوں کو جاری کردہ ہدایات پر پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے شرکت کی، وزیر مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسر بھی شریک ہوئے۔