شہباز شریف نے بجٹ 2024ء کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی حمایت مانگ لی

06-13-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کیلئے آپ کی خدمات کے متعرف ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی آمد کا خیر مقدم کیا، وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے بجٹ 2024ء کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی حمایت بھی طلب کر لی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی حفاظت کے لئے پرامن جدوجہد کو فروغ دیا، وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی دینی خدمات کی تعریف کی، انہوں نے سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کر دی۔ ملاقات میں مولانا عطاء الرحمان، مولانا عبد الواسع ودیگر بھی شریک تھے۔  ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے میاں شہباز شریف کو فروری الیکشن نتائج بارے تحفظات سے ایک مرتبہ پھر آگاہ کیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم ملک میں جمہوریت، شفاف انتخابات اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہم چاہتے تھے کہ تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مل کر اپنا کردار ادا کریں۔