بھارتی میوزک ڈائریکٹرللیت پنڈت کا پاکستانی گانے چُرانے کا انکشاف

06-12-2024

(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور میوزک ڈائریکٹر للیت پنڈت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی گانے چرا کر سپرہٹ فلم عاشقی میں شامل کیے گئے۔

بالی ووڈ کی متعدد فلموں کے لیے شاہکار گانے کمپوز کرنے والی جوڑی جیتن،للیت پنڈت نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ نوے کی دہائی میں اپنے گانوں کی وجہ سے سپر ہٹ ہونے والی فلم عاشقی میں پاکستانی گانے چرا کر شامل کیے گئے۔للیت پنڈت کا کہنا تھا کہ عاشقی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ندیم شیرون کی موسیقار جوڑی نے پاکستانی گانوں کی نہ صرف دھنیں چرائیں بلکہ الفاظ تک تبدیل نہیں کیے۔ یہ بات فلم انڈسٹری میں سب جانتے ہیں۔ بھارتی میوزک ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ندیم شیرون دبئی جاتے تھے اور پاکستانی گانوں کے بہت سے کیسٹس خرید کر لاتے تھے۔ بھارت پہنچنے کے بعد ندیم شیرون انہی گانوں کو ری پروڈیوس کردیتے تھے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پاکستانی گانوں کو شاعری سمیت استعمال کیا گیا اورانہیں گانوں کی بنیاد پر ندیم شیرون نے شہرت حاصل کی۔