دھاندلی الزامات: لاہور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل 8 الیکشن ٹریبونلز تشکیل
06-12-2024
(لاہور نیوز) عام انتخابات 2024 میں دھاندلی الزامات کی تحقیقات کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل 8 الیکشن ٹریبونلز تشکیل دے دیئے گئے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے سنگل بینچ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے لئے 8 الیکشن ٹریبونلز قائم کر دیئے، چیف جسٹس ملک شہزاد کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پرنسپل سیٹ پر جسٹس شاہد کریم ، جسٹس چوہدری اقبال ،جسٹس انوار حسین اور جسٹس سلطان تنویر احمد الیکشن سے متعلق کیسز کی سماعت کریں گے۔ بہاولپور بینچ میں جسٹس عاصم حفیظ ،ملتان بینچ میں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس راحیل کامران شیخ کیسز کی سماعت کریں گے۔