سینئر صحافی سلمان غنی کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ملنے پر پنجاب یونیورسٹی میں تقریب

06-12-2024

(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں سینئر صحافی، تجزیہ کار اور دنیا میڈیا گروپ کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کے اعزاز میں تقریب ہوئی، صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ملنے پر سلمان غنی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملنے پر پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز نے تقریب کا اہتمام کیا، نامور صحافی مجیب الرحمٰن شامی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود، سجاد میر، پروفیسر مجاہد منصوری، ڈاکٹر اسلم ڈوگر، سلمان عابد ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی تقریب میں شرکت ہوئی۔ ہیڈ آف کمیونیکیشن سٹڈیز ڈاکٹر نوشینہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، تقریب کے شرکا نے سلمان غنی کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی، تقریب میں سلمان غنی کی صحافتی زندگی پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی اور سجاد میر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ اس کے ایک ہونہار طالب علم کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ سینئر صحافی سلمان غنی نے اپنا ایوارڈ صحافت کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طالب علم پیچھے رہ سکتا ہے لیکن محنت کرنے والا کبھی پیچھے نہیں رہتا۔ وی سی جامعہ پنجاب ڈاکٹرخالد محمود نے سلمان غنی کی صحافتی خدمات کو سراہا اور طلبہ کو تاکید کی کہ وہ صحافتی زندگی میں سلمان غنی کے نقش قدم پر چلیں۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی اور ڈاکٹر خالد محمود نے فیکلٹی اور مہمانوں کے ہمراہ سلمان غنی کو سوینئر اور گلدستہ پیش کیا۔