پنجاب کا بجٹ 13 جون کو پیش ہوگا، حجم 5370 ارب روپے متوقع

06-12-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کا بجٹ 13 جون کو اسمبلی میں پیش ہوگا، بجٹ کا کل حجم 5370 ارب روپے متوقع ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ پیش کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کو 3700 ارب وفاق سے این ایف سی کے تحت ملنے کا امکان ہے ، پنجاب میں ذرائع آمدن کی مد میں محصولات کا ہدف ایک ہزار 26 ارب روپے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق تنخواہوں کی مد میں 595 ارب اور پنشن کی مد میں 445 ارب روپے رکھے جائیں گے ، سروس ڈلیوری اخراجات کا تخمینہ 840 ارب روپے لگایا گیا ہے، ترقیاتی بجٹ کا حجم 700ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔  رمضان پیکج 30 ارب، سی بی ڈی کو 8 ارب دیئے جائیں گے ،آئندہ مالی سال میں 1863 سکیموں کو مکمل کیا جائیگا، آئندہ مالی سال میں 1617 جاری جبکہ 246 نئی سکیمیں مکمل کرنے کی تجویز ہے، سب سے زیادہ بجٹ روڈ سیکٹر سکیموں کے لیے 1 کھرب 21 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ مختص ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سپیشل ایجوکیشن کے لیے دو ارب، لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کیلئے تین ارب 50 کروڑ مختص کیے جانے کا امکان ہے، سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر کے لیے چار ارب 87 کروڑ 50 لاکھ ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کیلئے76 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ مختص ہونے کا امکان ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر کے لیے 33 ارب 89 کروڑ 70 لاکھ ، پاپولیشن ویلفیئر تین ارب، واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن کیلئے 8 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ ، سوشل ویلفیئر ایک ارب پانچ کروڑ 79 لاکھ ، وومن ڈویلپمنٹ کیلئے 92 کروڑ 60 لاکھ اور لوکل گورنمنٹ کیلئے 14 ارب چارکروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ بجٹ کی حتمی منظوری اسمبلی اجلاس سے پہلے کابینہ دے گی ۔