807 افراد کیلئے صرف ایک ڈاکٹر،34 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار: اقتصادی سروے

06-11-2024

(فوزیہ علی)رواں مالی سال کے اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں صحت کے شعبے پر مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا صرف ایک فیصد خرچ کیا گیا جبکہ اوسطاً 807 افراد کیلئے صرف ایک ڈاکٹر میسر ہے۔

سال 2023-24 کے دوران صحت کے شعبے کیلئے 25.3 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص تھا، اقتصادی سروے 2023-24 کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 224 ہسپتال اور 5 ہزار 520 بنیادی مراکز صحت دستیاب ہیں، ملک میں رجسٹرد ڈاکٹروں کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 113 تک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ رجسٹرڈ دندان ساز 36 ہزار 32 ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نرسز کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 855، دائیاں 46 ہزار 110 اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد 24 ہزار 22 ہو گئی ہے، 24 کروڑ سے زائد آبادی میں 804 افراد کیلئے صرف ایک ڈاکٹر میسر ہے جبکہ ایک ہزار 889 افراد کیلئے ایک نرس، 6 ہزار 702 افراد کیلئے دانتوں کا صرف ایک ڈاکٹر میسر ہے۔ دوران زچگی بچوں کی اموات کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ 2015 کے مقابلے میں 2022 تک پاکستان میں اوسط عمر میں اضافہ ہو گیا ہے، اوسط عمر 65 سال سے بڑھ کر 67 سال تک پہنچ گئی ہے۔