گرمی کیساتھ بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھنے لگا، لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو

06-11-2024

(حریم جدون) ملک بھر میں گرمی کی شدت کیساتھ بجلی کا شارٹ فال بڑھنے لگا جس سے لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 564 میگا واٹ تک پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار5 سو میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 20 ہزار 936 میگا واٹ ہے۔ پن بجلی ذرائع سے 6 ہزار 999 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 878 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 650 میگا واٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق ونڈ پاور پلانٹس سے 885 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سولر پاور پلانٹس سے 192، بگاس سے 132 اور نیو کلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 200 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ دوسری جانب بجلی کے شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔