شہر کی 20 بڑی سیوریج لائنوں کیلئے بجٹ میں کثیر رقم مختص کرنے کا فیصلہ

06-10-2024

(لاہور نیوز) نیا مالی سال لاہور میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی اپ گریڈیشن کا سال ہوگا، شہر کی 20 بڑی سیوریج لائنوں کیلئے بجٹ میں کثیر رقم مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

نئے مالی سال کیلئے واسا کے بجٹ کے خدوخال بھی سامنے آ گئے، لاہور نیوز سیوریج سسٹم اور واٹرسپلائی کے منصوبے سے متعلق بجٹ کی تفصیلات سامنے لے آیا۔ مرکزی سیوریج لائنوں کی تبدیلی پر10 ارب 51 کروڑ 74 لاکھ روپے لاگت آئے گی، شگاف شدہ خیابان فردوسی جوہر ٹاؤن کے لیے  1 ارب 90 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح لاجپت روڈ اور فرخ آباد کی آبادیوں میں بھی نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا،واساسسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے 16 ارب 80 کروڑ 74 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بارشی پانی کو محفوظ بنانے کیلئے زیر  زمین واٹر ٹینکس کیلئے ایک ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کرنے کی استدعا  کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ  ایک صدی پرانا سیوریج سسٹم مسائل پیدا کر رہا ہے، لاہور کا  پرانا میگا انفرا سٹرکچر  تبدیل کرنے میں وقت اور بجٹ دونوں درکار ہیں۔