پنجاب اسمبلی اجلاس: اپوزیشن کا آئی جی پنجاب کو ہاؤس میں بلانے کا مطالبہ

06-10-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے آئی جی پنجاب پولیس کو ہاؤس میں بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

اپوزیشن اراکین نے ایوان میں نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ ہاؤس چلانے کے لیے پہلے آئی جی پنجاب کو طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی جی پنجاب ہاؤس میں طلب نہ ہوئے تو اجلاس نہیں چلے گا، اپوزیشن کے شور شرابے اور احتجاج پر قائم مقام سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس دس منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔ اپوزیشن رکن حافظ فرحت عباس نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آئی جی پنجاب نے فسطائیت کی راہ اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر ایوب اور ملک احمد خان بھچر کو سرگودھا میں انسداد دہشتگردی عدالت میں نہیں جانے دیا گیا، ہم چار دیواری میں کنونشن کرتے ہیں تو پولیس پہنچ جاتی ہے۔