مریم نواز پوری تحریک انصاف کے اعصاب پر سوار ہیں: عظمیٰ بخاری

06-10-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پوری تحریک انصاف کے اعصاب پر سوار ہیں۔

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں زبان درازی مت کریں، 9 مئی کے مرکزی ملزمان اور شرپسندوں کو سیاست کے لبادے میں چھپنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ آج بھی باز نہیں آئے، دوسرا 9 مئی کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں، 9 مئی کے واقعات پر آپ کو شرمندگی ہے نہ آپ نے کبھی اعتراف کیا، جب شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کر رہے تھے تب ملک و قوم کا خیال کیوں نہیں آیا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا انتشاری ٹولہ اپنے غیر سیاسی گناہوں کا ملبہ مریم نواز کے کھاتے میں مت ڈالے، مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی اور جعلی پیرنی کی فرمائش پر موت کی چکی میں قید رکھا گیا، انہوں نے عمرانی آمریت کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا کبھی جیل میں سہولیات نہ ملنے کی شکایت نہیں کی۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ آپ کو مریم نواز نے فوجی تنصیبات پر حملوں اور شہداء کی یادگاروں کو جلانے کا نہیں کہا تھا، اپنے جرائم کو انسانی حقوق، عورت کارڈ اور آئین کے پیچھے مت چھپائیں۔