آزادی مارچ کیس : عمران خان ،شیخ رشید کی بریت درخواست پر وکلا کے دلائل مکمل

06-10-2024

(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آزادی مارچ تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر ، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کی بریت درخواست پر وکلا کے دلائل مکمل ہوگئے ۔

بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ پر تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے پر سماعت سول جج ملک محمد عمران نے کی ، شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی ،اسد عمر ،علی نواز اعوان کی جانب سے آمنہ علی ایڈووکیٹ اور مرزا عاصم ایڈووکیٹ  پیش ہوئے۔ شیخ رشید کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید پر ایما کا الزام عائد کیا گیا ہے ، ایما کا ثبوت شکایت کنندہ کی جانب سے پیش نہیں کیا جا سکا ، اس پورے کیس میں صرف ایک کانسٹیبل گواہ ہے ، گواہ نے بیان دیا کہ شیخ رشید و دیگر ویڈیو کلپس میں تقریر کرتے نظر آرہے ہیں ، تقریر کرنا تو جرم نہیں، وزیر اعظم سے لے کر چیف جسٹس پاکستان تک سب تقریر کرتے ہیں ۔ شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ سٹیٹ اتھارٹی استعمال کرکے ایک سیاسی کیس بنایا گیا ، سپریم کورٹ کی ایک ججمنٹ کے مطابق چارج مکمل شواہد ہونے کے بعد لگایا جائے ، ایک کیس میں تین گواہ جو بعد میں پیش کیے گئے ،سپریم کورٹ نے قبول نہیں کیا ، شیخ رشید کے وکیل نے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی۔ وکیل بانی پی ٹی آئی عاصم ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ اس کیس میں سزا ہونے کے کوئی امکان نہیں ہے ، بانی پی ٹی آئی و دیگر کو مقدمے سے بری کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دفعہ 144 نافذ کرنے والا خود شکایت کنندہ ہوتا ہے ، یہ مقدمہ ہی غلط گراؤنڈز پر بنایا گیا ہے ، بانی پی ٹی آئی، اسد عمر ، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر وکلا کے دلائل مکمل ہوگئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت میں  کچھ دیر کیلئے وقفہ کردیا۔