ہاسٹل میں آتشزدگی، گنگارام ہسپتال کی ہاؤس آفیسرز کا رات بجلی کے بغیر گزرنے پر احتجاج
06-10-2024
(ویب ڈیسک)گنگارام ہسپتال میں خواتین ہاسٹل ڈریم لینڈ میں رات بھر بجلی نہ آنے کی وجہ سے خواتین ہاؤس آفیسرز نے ایم ایس آفس میں احتجاج کیا، شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے ہاسٹل میں خوف وہراس پھیلا۔
گنگارام ہسپتال میں خواتین ہاسٹل ڈریم لینڈ میں رات بھر بجلی نہ آنے پر خواتین ہاؤس آفیسرز نے ایم ایس آفس میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔ گنگارام ہسپتال وومن میڈیکل آفیسرز نے کہا کہ بجلی نہ آنے سے ساری رات اذیت میں گزاری ، شارٹ سرکٹ سے خوف و ہراس بھی پھیلا ۔ ہاؤس آفیسرز نے بتایا کہ ساری رات گزر گئی مگر اب تک ہمیں الیکٹریشن مہیا نہیں کیا گیا،ایسے حالات میں کیسے کام کریں۔ ایم ایس گنگارام ہسپتال حافظ معین الدین کا کہنا تھا کہ ہاسٹل کی وائرنگ کافی پرانی ہے، پرانی وائرنگ پر خواتین نے ہاسٹل میں غیر قانونی طور پر اے سی لگوائے، جس کے باعث شارٹ سرکٹ ہوجاتا ہے، محکمہ صحت کی طرف سے صرف کولر کی اجازت ہے، مسئلہ کرانے کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں۔