سینئر اداکار اعجاز اسلم اعظم خان کے حق میں بول اٹھے،ناقدین کو منہ توڑ جواب

06-09-2024

(ویب ڈیسک) سینئر اداکار اعجاز اسلم نے قومی وکٹ کیپر و بیٹر اعظم خان کے ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف پاکستان کی عبرتناک شکست کے بعد شائقین کرکٹ قومی کرکٹر اعظم خان کی ناقص پرفارمنس اور زائد وزن پر سخت تنقید کررہے ہیں۔اعجاز اسلم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ناقدین سے سوال کیا کہ آپ اعظم خان کے وزن پر تنقید کیوں کررہے ہیں؟ یہ تنقید سمجھ سے باہر ہے، یہ نہایت ہی گھٹیا قسم کی تنقید ہے کیونکہ اس سے کرکٹ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اداکار نے کہا کہ تنقید کھیل کا حصہ ہے جو ہم کرسکتے ہیں لیکن کسی کے جسم پر تنقید کرنا ناقابلِ قبول ہے، آپ باڈی شیمنگ کا سہارا لیے بغیر اعظم خان کی کارکردگی پر تنقید کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اعظم خان ابھی نوجوان ہیں اور اگر آپ اُن کی باڈی شیمنگ کریں گے تو اس سے اُن کی ذہنی صحت پر غیرضروری دباؤ اور منفی اثر پڑے گا۔ اعجاز اسلم نے اعظم خان کے ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اعظم خان ٹی ٹوئنٹی میں 148 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے ٹیم میں شامل ہیں۔اداکار نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کے اچھے اور برے دن آتے ہیں، براہ کرم اعظم خان کی باڈی شیمنگ کرنا بند کریں اور اُنہیں زندہ رہنے دیں۔