ضلعی انتظامیہ ان ایکشن: شہر کے 72 مقامات سے غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم
06-09-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے 72 مقامات سے غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم کروادیں۔
بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی چیف آفیسر علی عباس بخاری نے کی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران لاہور کے 72 مقامات سے غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم کی گئیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران علامہ اقبال زون سے 15، واہگہ زون سے 16 اور راوی زون سے 12 غیر قانونی مویشی منڈیوں کے پوائنٹس کو ختم کروایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سمن آباد زون سے 9، شالیمار زون سے 4، عزیز بھٹی زون سے 12 اور داتا گنج بخش زون سے 4 غیر قانونی مویشی منڈیوں کے پوائنٹس کو ختم کروائے گئے جبکہ مزاحمت پر 16 افراد کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی کروایا گیا۔ رافعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ جانوروں کی خرید و فروخت مختص کردہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی دوسری جگہ ممنوع ہے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔