ہم نے اپنے پہلے 100 روز میں نوجوانوں کو پٹرول بم نہیں لیپ ٹاپ دیئے:مریم اورنگزیب

06-09-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے اپنے پہلے 100 روز میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں لیپ ٹاپ دیئے۔

اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کے پہلے 100 روز کی مدت کے ہر روز ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہوا اور مہنگائی زوال پذیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ   آٹا، روٹی اور گھی کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے، کسانوں کو جدید مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی شروع کی جاچکی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق اور پنجاب میں 100 دن کے دوران  ایک دفعہ پھر ‎عوام کو نئی امید اور ملک کو درست سمت دی ہے، 100 دن میں پاکستان ایشیا کا وہ واحد ملک بن چکا ہے جس میں مہنگائی سب سے تیزی سے کم ہورہی ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ  ہماری حکومت کی اس مختصر مدت میں دوائی مفت اور علاج کی فراہمی گھر کی دہلیز تک پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے،  پاکستان اور پنجاب کا پہلا سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ‎زراعت اور کسان کی ترقی کے لیے 10 ارب کے کسان کارڈ کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ‎کسانوں کو جدید مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی شروع ہو چکی ہے، 100 دن میں صنعت، کاروبار، آئی ٹی، انفراسٹرکچر اور گورننس ہر شعبے کی سمت درست کی اور ایک نیا اعتماد اور ساکھ دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ  پنجاب میں خواتین کا پہلا ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کردیا گیا ہے، خواتین کے لیے صوبہ بھر میں ڈے کیئر سینٹر کا فنڈ قائم کیا گیا ہے، پنجاب کا پہلا ای ماس ٹرانزٹ بس سسٹم اور نوجوانوں کے لئے ای بائیکس کا نظام شروع کردیا گیا ہے۔