پنجاب: حکومت اور گورننس سسٹم میں انقلابی تبدیلی کا فیصلہ

06-09-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں حکومت اور گورننس کے نظام میں انقلابی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں وزارتوں اور محکموں میں تاریخ کی سب سے بڑی ری سٹرکچرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، فالتو، نکمے اور خسارے کے شکار اداروں میں ڈاؤن سائزنگ کی جائے گی، ایک ہی کام کرنے والے زائد اداروں کو ختم کردیا جائے گا۔  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ری سٹرکچرنگ کے منصوبے کی منظوری دے دی  جس کے تحت وزارتوں کا حجم کم کرکے سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی پیدا کی جائے گی، ایک ہی کام کرنے والے مختلف اداروں کو ضم کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ری سٹرکچرنگ اور ڈاؤن سائزنگ سے اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے عمل کو سادہ، آسان اور تیز بنایاجائے گاجس سے  اربوں روپے کی سالانہ بچت اور حکومت اخراجات میں بڑی کمی ہونے سے مالی گنجائش پیدا ہوگی۔