چاہت فتح علی خا ن نے 'بدو بدی2' ریلیز کرنے کا اعلان کردیا

06-08-2024

(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر اپنے بےسُرے گانوں کی وجہ سے شہرت پانے والے خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے ‘اکھ لڑی بدوبدی 2′ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

چاہت فتح علی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر مداحوں کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں گلوکار نے بتایا کہ اُنہوں نے عیدالفطر کی چاند رات پر ‘بدو بدی’ ریلیز کیا تھا جوکہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بےحد مقبول ہوا۔گلوکار نے کہا کہ میرے گانے ‘بدو بدی’ پر 28 ملین ویوز آئے اور کروڑوں بار گانے کو شیئر کیا گیا، بھارت میں بھی یہ گانا خوب وائرل ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہیں، آپ چاہیں اچھے تبصرے کریں یا بُرے، مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا لیکن یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آپ میری گلوکاری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے نئے پراجیکٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے نئے 6 گانوں کی تیاری میں مصروف ہوں، جن میں میرے ساتھ نوجوان ماڈلز نظر آئیں گی۔چاہت فتح علی خان نے کہا کہ متعدد پروفیشنل ماڈلز میرے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں، میرے پاس ماڈلز کی لائن لگی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ پر میری فلم ‘سبق’ بھی ریلیز ہورہی ہے جوکہ میرے یوٹیوب چینل پر ہی ریلیز ہوگی جبکہ میں جلد ہی ‘بدو بدی 2′ بھی ریلیز کروں گا۔