پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی بسز فضائی آلودگی کا باعث بننے لگیں

06-08-2024

(لاہور نیوز) پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی بسز فضائی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے لگیں۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف روٹس پر چلنے والی بسز کا سموگ پھیلانے کا انکشاف ہو گیا، محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔ مراسلے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں 7 دن کی مہلت دی گئی لیکن پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیر نظام چلنے والی متعدد بسز فضائی آلودگی اور سموگ کا باعث بن رہی ہیں، بسز پنجاب انوائرنمنٹ کوالٹی سٹینڈرڈز کے مطابق کام کریں۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ایسی تمام بسز جو سموگ یا آلودگی کا باعث بن رہی ہیں ان کو فوری مرمت کیا جائے، سات دن میں سموگ ریگولیشن 2023 پر عملدرآمد کیا جائے، عملدرآمد نہیں کیا جاتا اور بسز سے دھواں اسی طرح پھیلا جاتا رہا تو جرمانے کئے جائیں گے۔ محکمہ تحفظ ماحول کے مراسلے میں مزید لکھا گیا کہ سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی بسز کو موقع پر ضبط کر لیا جائے گا۔