ایشین والی بال کپ: پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
06-08-2024
(ویب ڈیسک) ایشین مینز والی بال کپ میں پاکستان نے ویتنام کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
عیسیٰ ٹاؤن بحرین میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان اور ویتنام کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا ، پاکستان کو پہلے سیٹ میں 25 ، 19سے شکست ہوئی، دوسرے سیٹ میں پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے 27، 25 سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرا سیٹ بھی پاکستان کے نام رہا جس میں اُس نے 25 ، 23 سے فتح سمیٹی، چوتھا سیٹ ویتنا م نے 25 ، 21 سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا لیکن پانچویں اور آخری سیٹ میں پاکستان نے 15 ، 12 کے سکور سے فتح سمیٹی اور سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ہفتے کو پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا جس نے کوارٹر فائنل میں میزبان بحرین کو شکست دی۔