لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور بیچنے پر پابندی

06-08-2024

(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کی شاہراہوں، گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی۔

لاہور میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کیلئے مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں کے علاوہ خرید و فرخت پر پابندی عائد کر دی گئی، قربانی کے جانور صرف مختص کی گئی مویشی منڈیوں میں ہی فروخت ہوں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر 20 جون تک پابندی عائد ہے، دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوامی مفاد میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔ لاہور میں شاہ پور کانجراں، ایل ڈی اے سٹی ڈیفنس روڈ، برکی روڈ پیراگون، سگیاں روڈ، سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ، این ایف سی ملتان روڈ، راؤنڈ سندر روڈ اور نیو کنگ لین سوسائٹی میں مختص منڈیاں پابندی سے مستثنیٰ قرار دی گئیں۔