ورلڈکپ کا ایک اور اپ سیٹ: افغانستان نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے دی

06-08-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں افغانستان نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے دی ہے۔

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔ اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی شراکت قائم کی اس کے بعد زدران 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تیسرے نمبر پر آنے والے عظمت اللہ عمرزئی نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 بالز پر 23 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔ کپتان راشد خان 6، کریم جنت ایک رنز بنا پائے، محمد نبی اور گلبدین نائب بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے، اوپنر رحمان اللہ گرباز 56 بالز پر 80 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری ، ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2 اور لوکی فریگسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کیویز کو افغان باؤلرز نے سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا، دوسری اننگز کی پہلی ہی بال پر اوپنر فن ایلن کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے، گلین فلپس 18 اور میٹ ہینری 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا۔ کیویز کھلاڑی 160 کے جواب میں صرف 75 رنز ہی بنا پائے اور یوں نیوزی لینڈ کو افغانستان کے ہاتھوں 84 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4، فضل حق فاروقی نے بھی 4 اور محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغان سکواڈ افغانستان کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض راشد خان ادا کر رہے ہیں، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، کریم جنت، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ کیویز سکواڈ نیوزی لینڈ کے سکواڈ کی قیادت کین ولیمسن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن، ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مائیکل بریس ویل، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، لوکی فریگسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔