لیسکو کے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ دعوؤں کے باوجود بجلی کی بندش برقرار

06-07-2024

(لاہور نیوز) لیسکو کے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ دعوؤں کے باوجود بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

لیسکو انتظامیہ کا لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا دعویٰ ہوا ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ نہ تھم سکا، موسم سرما میں کی جانے والی مرمت اور اپ گریڈیشن بھی زبانی جمع خرچ ثابت ہوئی، شدید گرمی پڑتے ہی لیسکو کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جواب دینے لگے۔ لیسکو نے مینٹی نینس سیزن میں زیادہ تر اوور لوڈڈ اور بوسیدہ ٹرانسفارمر تبدیل نہ کئے، ذرائع کے مطابق لیسکو کا فیلڈ عملہ خراب ٹرانسفارمرز تبدیل کرنے کے بجائے مرمت کروا کر لگاتا ہے۔ ٹرانسفارمر جلنے پر 8 سے 10 گھنٹے تک متاثرہ علاقے کی بجلی بند رہتی ہے، لیسکو انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسفارمرز وافر تعداد میں موجود ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ 70 ہزار ٹرانسفارمرز موجود ہونے کے باوجود اوور لوڈڈ ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کئے جا سکے جس کے باعث شہری شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کی اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔