ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون پیر کو ہو گی

06-07-2024

(لاہور نیوز) ذوالحج 1445 ہجری کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون پیر کو ہو گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے، چاند نظر آنے کے بعد ملک میں یکم ذوالحج 8 جون اور 10 ذی الحج یعنی عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہو گی۔ اس سے قبل لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف بلڈنگ میں جبکہ پشاور، اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے پنجاب کے کسی بھی شہر سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، البتہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سے چاند کی شہادت موصول ہوئی۔ زونل کمیٹیوں نے روایت کے مطابق چاند کی شہادت موصول ہونے سے متعلق رپورٹ مرکزی کمیٹی کو ارسال کی جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا۔