اداکار اورنگزیب لغاری کے انٹرویو کے بعد یاسر حسین پی ٹی وی پر پھٹ پڑے

06-07-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے سینئر اداکار اورنگزیب لغاری کے وائرل انٹرویو کے بعد سرکاری ٹیلی ویژن ‘پی ٹی وی’ کی خراب کارکردگی پر طنزیہ وار کردیا۔

رپورٹ کےمطابق یاسر حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ماضی کے معروف اداکار اورنگزیب لغاری کے حالیہ انٹرویو کی پوسٹ شیئر کی جس میں اداکار نے بتایا تھا کہ اُنہوں نے شوبز میں کام نہ ملنے کی وجہ سے فرنیچر کا کاروبار شروع کر دیا ہے۔ انسٹاگرام اسٹوری میں یاسر حسین نے کہا کہ سارے ڈرامے کراچی میں بن رہے ہیں جبکہ ان ڈراموں میں کام کرنے کے لیے لاہور کے فنکاروں کو کراچی نہیں بلایا جاتا۔یاسر حسین نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی، جو تمام شہروں کے فنکاروں کو کام دیتا تھا، آج وہ بھنگ پی کر سو رہا ہے۔ اُنہوں نے سرکاری ٹیلی ویژن کی خراب کارکردگی پر سوالیہ نشان اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی شرم کی بات ہے کہ پی ٹی وی نے گزشتہ 20 سالوں سے کوئی بھی اچھا ڈرامہ نہیں بنایا۔اداکار نے ماضی کے مقبول ڈراموں کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ تنہائیاں، دھواں، آنگن ٹیڑھا، گیسٹ ہاؤس جیسے ڈراموں کے فنکار کہاں گئے؟