لیسکو کے لائن لاسز تاریخ کی بلند ترین سطح پر، دستاویز نے پول کھول دیا

06-07-2024

(لاہورنیوز) اوور بلنگ پر کنٹرول اور افسران کی بدانتظامی سے لیسکو کے لائن لاسز تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

لیسکو کی دستاویز کے مطابق 11 فیصد لائن لاسز والی کمپنی کے اوور بلنگ روکنے پر رواں ماہ لائن لاسز 37 فیصد تک پہنچ گئے ،اووربلنگ ایڈجسٹمنٹ بجلی چوری کے باعث لیسکو کے لائن  لاسز 37 فیصد ہوئے، لیسکو نے نیشنل گرڈ سے چار ارب 38 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی لی۔ دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا کہ صرف دو ارب 73 کروڑ 10 لاکھ یونٹس کی بلنگ کی، لیسکو کو ایک ارب 65 کروڑ 10 لاکھ یونٹس کا نقصان ہوا، اپریل اور مئی میں 70 کروڑ یونٹس کی ایڈجسٹمنٹ اووربلنگ کی مد میں کی گئی، جس سے ٹیکنکل لاسز کی مد میں 61 کروڑ یونٹس کا نقصان ہوا۔ لیسکو کی دستاویز میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دوماہ میں باقی 34 کروڑ یونٹ بجلی چوری ہوگئی، بجلی چوری سے لیسکو کو دو ماہ میں 16 ارب 27 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو حکام نے اووربلنگ ختم کرنے کی آڑ میں 34 کروڑ یونٹس کی بجلی چوری چھپالی، گزشتہ سال مئی میں لیسکو کے 13.3 فیصد لائن لاسز تھے، رواں ماہ لاسز میں 23.4 فیصد اضافہ ہوا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو میں اعلیٰ حکام اپنی بدانتظامی چھپانے کیلئے ملبہ جونیئر افسران پر ڈالتے رہے، بد انتظامی کے باعث لیسکو کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے، دستاویز نے لیسکو میں بدانتظامی کا پول کھول دیا۔