معروف گلوکارہ منور سلطانہ کو مداحوں سے بچھڑے 29 برس بیت گئے

06-07-2024

(لاہور نیوز) ماضی کی معروف گلوکارہ منور سلطانہ کو مداحوں سے بچھڑے 29 برس بیت گئے ہیں۔

گلوکارہ منور سلطانہ 8 نومبر 1924ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئیں، فلمی کیرئیر کا آغاز قیام پاکستان سے پہلے فلم ’’مہندی‘‘ سے کیا، موسیقی کے اسرار و رموز ریڈیو پاکستان کے مشہور کمپوزر عبدالحق قریشی عرف شامی سے سیکھے، ’’تیری یاد‘‘ جسے پاکستان کی پہلی فلم کہا جاتا ہے کے متعدد نغمات منور سلطانہ کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے۔ پاکستان کے ابتدائی زمانے میں منور سلطانہ نے متعدد فلموں کیلئے گلوکاری کی جن میں پھیرے، محبوبہ، انوکھی داستان، بے قرار، دو آنسو، سرفروش، محبوب، انتقام، بیداری، معصوم اور لخت جگر کے نام قابل ذکر ہیں، منور سلطانہ نے اپنی خوبصورت آواز میں کئی گیت ریکارڈ کروائے، قیام پاکستان کے ابتدائی ایام میں دو ملی نغموں میں بھی اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا۔ منور سلطانہ کسی کو یاد ہو یا نہ ہو لیکن ان کے گیت اور ملی نغمے مدتوں یاد رہیں گے، گلوکارہ نے اپنے عروج کے زمانے میں ریڈیو پاکستان لاہور کے سٹیشن ڈائریکٹر ایوب رومانی سے شادی کر لی اور گلوکاری سے کنارہ کش ہو گئیں، منور سلطانہ 7 جون 1995ء کو لاہور میں انتقال کر گئیں۔