ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

06-07-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ کے 12 ویں میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، گیرہارڈ ایراسمس 52، زین گرین 28 اور نکولس ڈیون 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیوڈ ویسے 14، جین فری لنک 12، جے جے سمت 11، ملان کروگر 2 اور روبن ٹرمپل مین صرف ایک رنز ہی بنا پائے جبکہ برنارڈ سکولٹز 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، سکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈلی ویل نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بریڈلی جیمز کری نے 2، کرس سول، کرس گریوز اور مائیکل الیگزینڈر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ نے بیٹنگ شروع کی اور 9 بالز پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کر لی، رچرڈ برنگٹن 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر نمایاں رہے، مائیکل الیگزینڈر لیکس نے 35، مائیکل الیگزینڈر جونز نے 26 اور برینڈن مکمولن نے 19 رنز بنائے، نمیبیا کی جانب سے گیرہارڈ ایراسمس نے 2، ڈیوڈ ویسے، روبن ٹرمپل مین اور برنارڈ سکولٹز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔