مجھے آئی جی سے کیوں نہیں ملنے دے رہے؟شہری نے دفتر کے باہر خود کو آگ لگا لی

06-06-2024

(ویب ڈیسک) شہری نے مسئلہ حل نہ ہونے پر آئی جی آفس کے باہر خود کو تیل چھڑک کرآگ لگالی جسے بچاتےہوئے ایلیٹ فورس کا جوان بھی جھلس گیا۔

تفصیلات کے مطابق اصغر نامی شخص اپنے مسئلے کے سلسلے میں آئی جی پنجاب سے ملاقات کے لیے صبح سات بجے سے بیٹھا ہوا تھا تاہم سکیورٹی کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر ملاقات نہ ہوسکی جس پر دلبر داشتہ ہوکر نوجوان نے آفس کے باہر ہی خود کو آگ لگادی۔ خودسوزی کی کوشش کو دیکھتے ہی ایلیٹ فورس کے جوان نے اسے فوری طور پر بچالیا، تاہم بچانے کے دوران وہ خود بھی جھلس گیا۔ واقعے کے بعد نوجوان کو میواسپتال منتقل کردیا گیا، تھانہ پرانی انارکلی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے تفتیش شروع کردی۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی پنجاب نے اے آئی جی ایڈمن کو اسپتال میں زیرعلاج متاثرہ شہری اصغر کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو متاثرہ شخص کا مسئلہ ذاتی نگرانی میں حل کروانے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ واقعہ میں جھلسنے والے ایلیٹ پولیس اہلکار حمید کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔