ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، ڈسٹری بیوٹرز کی مخالفت
06-06-2024
(لاہور نیوز) ایل پی جی پر ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کے باعث ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں اضافے امکان ہے جبکہ ڈسٹری بیوٹرز نے قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کردی۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں قدرتی گیس کا شارٹ فال مسلسل بڑھتا جارہا ہے، درآمدی ایل پی جی کے بغیر ضروریات پوری ہونا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ایل پی جی کی درآمد پرٹیکس لگانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، ایل پی جی امپورٹ ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ عوام کےساتھ ظلم ہے۔ عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے سے گھریلو کے ساتھ ساتھ کمرشل صارفین پر بھی مزید بوجھ پڑے گا اور حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو جائے گی، ملک بھر میں چھوٹے کھانے پینے کے ڈھابے اور تندور بند ہونے سے بےروزگاری بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز نے وزیراعظم شہبازشریف کوخط لکھ دیا ہے جس میں فیصلے پرنظرثانی کی درخواست کی گئی ہے، اگر ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس لگ گیا تو فی سلنڈر کی قیمت 164 روپےتک بڑھ جائیگی،18 فیصد ٹیکس کو بڑھانا امپورٹر اور خریدار دونوں کیلئے نقصان دہ ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کے خلاف عیدالاضحیٰ سے قبل ہڑتال کرنے کی دھمکی بھی دیدی۔