نیب ترمیم کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

06-06-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے نیب ترمیم کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے نیب قانون میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کے خلاف شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے خلاف عدالت حکم امتناع جاری کرے۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے نیب ترمیم کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ 3 جون کو قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس میں جسمانی ریمانڈ 40 روز کرنے کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس محض ایک سیاسی جماعت کے لیے جاری کیا گیا، پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی ہونی چاہئے تھی۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی غیر موجودگی میں آرڈیننس منظور کیا گیا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب آرڈیننس غیر قانونی ہے، عدالت نیب ترمیمی آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دے۔