لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

06-06-2024

لاہور: (سامیا سعید) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  نے کہا ہے کہ  محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں، تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں آندھی اور بارش ہو سکتی ہے، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی  بادل برسیں گے، لاہور ، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش اور طوفان متوقع  ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی، پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو بروقت احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے محکمانہ کوآرڈی نیشن ناگزیر ہے، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق  گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے، آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں نے بتایا ہے کہ شہر میں ہوا کی رفتار 23 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔