ٹیکسوں کی شرح میں کتنے فیصد اضافہ کیا جائے گا؟وزیر خزانہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی
06-05-2024
(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کی شرح کو بڑھا کر 14 فیصد کی سطح تک لایا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کے ایجنڈے کے تحت معیشت کی ترقی میں حکومت نہیں بلکہ نجی شعبہ اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا، آئندہ مالی سال کے دوران پانڈا بانڈ جاری کریں گے، چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا چاہیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کلی معیشت کے اشاریے مثبت اور درست میں گامزن ہیں، اس سال پاکستان میں زراعت کی ترقی کی شرح 6.2 فیصد ہے، مجھے یقین ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار اور خدمات کے شعبہ میں یہ رجحان جاری رہے گا، مالی لحاظ سے استحکام اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا گیا ہے، پرائمری بیلنس فاضل ہے، حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اس سال حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم ہو گا، برآمدات میں ٹیکسٹائل کے علاوہ زراعت اور آئی ٹی کا حصہ بھی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اقدامات اور ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستانی کرنسی مستحکم ہے، کرنسی مارکیٹ میں قیاس آرائیوں کو کم کر دیا گیا ہے، سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جو دو ماہ کی برآمدات کیلئے کافی ہیں۔