تعلیمی پروگرام مضبوط بنانے، طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے: صدر

06-05-2024

(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی تعلیمی پروگرام مضبوط بنانے اور طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی ہائی ویز بنانے کیلئے طلبہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے تک رسائی بڑھانا ہو گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے ملاقات کی، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی ہائی ویز بنانے کی ضرورت ہے، طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے سے ان کی تعلیم تک رسائی بڑھے گی، ڈیجیٹل تقسیم ختم ہو گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی میں مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کثیر انسانی وسائل سے نوازا ہے، انسانی وسائل کو جدید ترین تعلیم اور ہنر فراہم کر کے ایک طاقت بنانے کی ضرورت ہے۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے قائد اعظم یونیورسٹی کے پوزیشن ہولڈرز کو نقد صدارتی ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی معاشرے کیلئے سود مند تحقیق پر توجہ دے رہی ہے، ڈیجیٹلائزیشن قائداعظم یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے، صدر مملکت نے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔