ملاوٹ مافیا کے کاروبار ختم کرکے سخت سزائیں دی جائیں گی، بلال یاسین

06-05-2024

(لاہور نیوز) وزیرخوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے کاروبار ختم کرکے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

حکومتی کارکردگی کے سو دن مکمل ہونے پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روٹی سستی کرنے کے اقدام کو عوام میں بےحد پذیرائی ملی ہے، زائدالمیعاد مصالحہ جات اور کھیر مکس کا استعمال معدہ، جگر اور آنتوں کے امراض میں مبتلا کرتا ہے۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ سو روز میں 5 لاکھ لٹر ملاوٹی ڈرنکس اور چار لاکھ لٹر دودھ تلف کیا گیا، ڈیڑھ لاکھ کلو غیر معیاری اور مضرصحت گوشت بھی ضائع کیا گیا۔ انہوں کا کہنا تھا ڈبے میں پیک دودھ پر کام کیا جا رہا ہے، قانون 2017 میں پاس کیا گیا، اب اس پر عمل درآمد کا وقت آ گیا ہے، سستے داموں غیر معیاری اشیا خرید کر خوراک تیار کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔ وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے روٹی سستی کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں، گندم کی روایتی خریداری روک کر اربوں روپے بچائے گئے، کسانوں کو براہ راست چار سو ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔