کیو ایس نے پنجاب یونیورسٹی کو سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ادارہ قرار دے دیا

06-05-2024

(لاہور نیوز) عالمی ادارے کیو ایس نے پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ادارہ قرار دے دیا۔

عالمی رینکنگ میں بے مثال ترقی پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود نے پریس کانفرنس کی، چیئرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر عثمان اعوان اور سیکرٹری ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے کانفرنس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کیو ایس نے واشنگٹن میں ایجو ڈیٹا سمٹ کا انعقاد کیا ہے، 5 سال میں پنجاب یونیورسٹی نے چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور کی جامعات کا مقابلہ کر کے یہ اعزاز حاصل کیا، پنجاب یونیورسٹی نے وسائل کے اعتبار سے کئی گنا بڑی یونیورسٹیوں کو پیچھے چھوڑ کر پوزیشن حاصل کی۔ گورنر کی جانب سے فتح جنگ میں پنجاب یونیورسٹی کے سب کیمپس قائم کرنے کے اعلان پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ سب کیمپس کے خلاف نہیں مگر اس کے لئے حکومت کو فنڈنگ دینی چاہئے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا مزید کہنا تھا کہ گریجویٹس کو ملازمت کے حصول کی کیٹیگری میں بھی پنجاب یونیورسٹی نے ملک بھر میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کی۔