عمران خان کے اکاؤنٹ سے متنازعہ ٹوئٹ کا معاملہ، رؤف حسن اور بیرسٹر گوہر کے بیان قلمبند

06-05-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے متنازعہ ٹوئٹ کے معاملہ پر ایف آئی اے نے ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن اور بیرسٹر گوہر کے بیان قلمبند کر لئے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے رؤف حسن سے چار گھنٹے تک تفتیش کی جبکہ بیرسٹر گوہر سے ایف آئی اے نے دو گھنٹے تک سوالات کئے تھے، تفتیشی ٹیم نے دونوں رہنماؤں کو 21 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا۔ سوالنامہ میں پوچھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹویٹر اکاؤنٹ ان کی غیر موجودگی میں کون چلاتا ہے ؟ بانی پی ٹی آئی کی غیر موجودگی میں کس کی اجازت سے مواد اپلوڈ ہوتا ہے، متنازعہ ٹوئٹ کس کی اجازت سے اپلوڈ کیا گیا تھا، متنازعہ ٹوئٹ کو ابھی تک ڈیلیٹ نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے الگ الگ سوالوں کا جواب نامہ تفتیشی ٹیم کو جمع کروا دیا، دونوں رہنماؤں نے جواب نامہ جمع کروانے کے بعد بیان الگ سے بھی ریکارڈ کروایا، تفتیشی ٹیم دونوں رہنماؤں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ طلب کرے گی۔ آخر میں دونوں رہنماؤں نے ایف آئی اے کو دوبارہ طلب کرنے پر پیش ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی، ایف آئی اے کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی پانی اور جوس سے تواضع بھی کی گئی ، تفتیش کے بعد رؤف حسن میڈیا کے سوالوں کا جواب دیئے بغیر روانہ ہو گئے۔