وزیراعلیٰ پنجاب کی دارالامان میں مقیم 10 خواتین کو حج پر بھیجنے سے پہلے ملاقات
06-05-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دارالامان میں مقیم 10 خواتین کو حج پر بھیجنے سے پہلے ملاقات کی۔
پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف بھی بزرگ خواتین کی خواہش پر ملنے کے لئے آ گئے، اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا بزرگ خواتین ہماری ماؤں جیسی ہیں، ان کا بہت خیال رکھا جائے، کوئی تکلیف نہ ہو۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا آپ نے پاکستان کے لئے بہت سی دعائیں کرنی ہیں، اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی خیر کرے، اللہ نے وعدہ پورے کرنے کی توفیق دی، مجھے آپ کے حج پر جانے کی بہت خوشی ہے۔ نواز شریف نے کہا حج پر جانے والوں سے ملنا ایک اعزاز ہے، بہت خوشی ہوئی، مزدور کو معاشی طور پر اوپر اٹھائیں گے، غریب کا اچھا وقت آ گیا ہے، ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو غربت اور بے روزگاری ختم ہو جاتی، حج پر جانے والے پاکستان کے لئے دعائیں کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے بزرگ خواتین نے حج کی خواہش کی تھی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 10 بزرگ خواتین کے لئے حج کے انتظامات کئے گئے۔